|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2024

قلات:سابق وزیرداخلہ بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر ضیا اللہ لانگو نے قلات میں ایک مرتبہ پھر ہندو برادری اور تاجروں سے بھتہ وصولی کی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر ایک بار پھر قلات شہر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں جنہیں کسی صورت اپنے مذموم عناصر میں کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ قلات کے غیور عوام ان گیڈر بھپکیوں سے خوفزدہ نہیں ہونگے اور ایسی دھمکیوں کو اپنے جوتے کی نوک پر رکھیں انہوں نے کہا کہ قلات میں ہندو برادری صدیوں سے آباد ہے اور ہندو برادری کی ایک بڑی تعدادقلات سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کاروباری سرگرمیوں سے منسلک ہیں جنہوں نے ہمیشہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے

ہندوبرادری اور تاجروں کو دھمکیاں دینا انتہائی شرمناک اور قابل مذمت عمل ہے جسے نہ ہماری روایات اجازت دیتی ہیں اور نہ ہی ریاست حکومت بلوچستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی اورقلات شہر کے امن کو خراب کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی-