کوئٹہ:محکمہ تعلیم بلوچستان میں تعیناتی کے منتظر امیدواران نے تعیناتی کے آرڈر جاری کرنے میں تاخیر پر بلوچستان اسمبلی کے باہر دھرنا دیکر احتجاج ریکارڈ کروایا ۔ منگل کو بلوچستان کے محکمہ تعلیم میں سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے ذریعے بھرتی کے لئے ٹیسٹ دینے اور تعینات کے لئے اہل امیدواروں نے ریلی نے نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی زرغون روڈ پر بلوچستان اسمبلی کے باہر پہنچی جہاں امیدواروں نے دھرنا دے دیا ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے خالد شاہ، اکرم سمیت دیگر نے کہا کہ سپریم کورٹ اور 2019کی پالیسی کے مطابق استاتذہ کی بھرتی مستقل طور پر کی جانی تھی لیکن حکومت نے اسے یک طرفہ طور پر کنٹریکٹ پالیسی پر منتقل کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا کہ اہل امیدواروں کی تعیناتی کی جائے لیکن آج بھی آرڈر جاری کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے جبکہ حکومت نے پوسٹوں کی تعداد میں بھی کمی کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بند اسکولوں کو بحال کیا جائے ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن سمیت دیگر نے بھی دھرنے میں شرکت کی اور شرکاء سے اظہار یکجہتی کیا ۔ شرکاء نے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک انکا احتجاج جاری رہے گا ۔
Leave a Reply