|

وقتِ اشاعت :   15 hours پہلے

ماسکو: روس نے آذربائیجان کے مسافر طیارےکو غلطی سےگرانےکا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق روسی صدارتی دفتر  کریملن سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صدر پیوٹن  نے آذربائیجان کے صدر  الہام علیوف سے روسی فضائی حدود میں طیارہ حادثے  پر معذرت کی ہے تاہم انہوں نے روسی غلطی کا باقاعدہ اعتراف نہیں کیا۔

کریملن کے مطابق  روسی صدر  نے ٹیلیفون پر آذر بائیجان کے صدر سے طیارہ حادثے پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں بتایا کہ آذربائیجان کے طیارے کی لینڈنگ کے وقت گروزنی میں فضائی دفاعی نظام فعال تھا، اس وقت یوکرینی ڈرون حملے ہو رہے تھے۔

اس سے پہلے ترجمان کریملن کا کہنا تھا کہ روسی فضائی حدود میں طیارہ کریش ہونے کا المناک واقعہ ہوا ہے،  آذربائیجان کے طیارے نے جب گروزنی میں لینڈنگ کی کوشش کی اسی وقت یوکرین نے روس پر ڈرون حملے کیے تھے اور روسی فضائی دفاعی فورسز کی جانب سے یوکرینی حملوں کا جواب دیا جا رہا تھا۔

خیال رہےکہ گزشتہ بدھ کو آذر بائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے نزدیک گر کر تباہ ہوا تھا جس میں 38 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے تھے۔

ابتدائی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ دھند کے باعث روٹ گروزنی سے قازقستان تبدیل کیا گیا تھا اور حادثے سے قبل طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی جب کہ  روسی ایوی ایشن نے کہا تھا کہ طیارے نے گہری دھند اور یوکرینی ڈرون حملے کے مقامی الرٹ کی وجہ سے راستہ بدلا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *