|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

پاکستان فزیوتھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان کے سیکٹر کی صدر، ڈاکٹر عمیر بلوچ، نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اور ان کے ساتھ ہر فورم پر عملی تعاون کا عہد کرتے ہیں۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس گزشتہ چند ماہ سے بلوچستان میں صحت کے نظام کی بحرانی صورتحال، خراب حالت اور صحت کے شعبے کے تمام سیکٹرز اور پیرامیڈیکس کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے حقوق کی حفاظت کے لیے جرات مندانہ جدوجہد کر رہا ہے۔ پاکستان فزیوتھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان پورے فزیو کمیونٹی کے ساتھ مل کر ان مطالبات کی تکمیل تک گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مزید خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں حکومتی اداروں کی جانب سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے قائد، ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ کے گھر پر بدترین دھاوا بولا گیا، جس میں نہ صرف سماجی اقدار اور روایات کو پامال کیا گیا بلکہ چادر و چار دیواری کی حرمت کو بھی پامال کیا گیا۔ اس دھاوے میں ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ کے خاندان کو شدید خوف میں مبتلا کر کے ان کے چچازاد بھائی کو جبراً گھر سے اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ یہ ایک ناقابلِ برداشت عمل ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اس طرح کے واقعات کا تدارک ہو سکے۔

ہم حکومت بلوچستان کو واضح طور پر پیغام دیتے ہیکہ اس قسم کے غیر قانونی اور غیر سنجیدہ حربوں سے ہماری آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ہم اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا حق رکھتے ہیں، اور ہم گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تمام جائز مطالبات کی فوری منظوری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر ان مطالبات پر کسی قسم کی پیش رفت نہ ہوئی تو ہم حکومتی حربوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بھرپور قوت کے ساتھ تیار ہیں اور ہر فورم پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

پاکستان فزیوتھراپی ایسوسی ایشن بلوچستان واضح کرتے ہیکہ اگر حکومت نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور ہمارے حقوق کی پامالی کی کوشش کی، تو ہمیں اپنے حقوق کا دفاع کرنے کے لیے سخت اور منظم اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔ ایسی صورت میں حکومت وقت اس تمام تر صورتحال کی ذمہ دار ہو گی۔ ہمارا عزم اور اتحاد کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا مقابلہ کرے گا، اور ہم اپنے حقوق کی حفاظت میں کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *