بلوچستان ایشیاء کا گیٹ وے ہے جہاں سے متعدد ممالک کے ساتھ تجارت کی جا سکتی ہے۔
سی پیک کی وجہ سے بلوچستان کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔
بلوچستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں بلوچستان میں بہت سے وسائل ہیں جن کو استعمال کرنے کیلئے سرمایہ کی ضرورت ہے۔
بلوچستان میں بیرونی سرمایہ کاری دوست ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں کی جارہی ہے جو مستقبل میں معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
دنیا میں بڑی تبدیلیاں رونماء ہورہی ہیں خاص کر موجودہ حالات میں اب دنیا میں نیوکلیئر جنگ نہیں بلکہ معاشی جنگ کا دور ہے اور وہی ممالک آگے بڑھ رہے ہیں جن کی معیشت مضبوط ہے۔
گزشتہ دنوں علاقائی روابط اورپاکستان، ابھرتے مواقع‘ کے موضوع پربین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں صدرمملکت نے علاقائی روابط اوراقتصادی تعاون مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان تاجکستان سے بلوچستان تک پانی لانے پر غور کر رہا ہے، تاجکستان سے پانی لانے کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون سے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اورگوادرپورٹ علاقائی تجارت اورخوشحالی کے فروغ میں اہم کردارادا کریں گے، پاکستان کا اسٹریٹجک محل وقوع علاقائی تجارت بڑھانے کیلئے انتہائی اہم ہے، پاکستان چین، وسطی ایشیا اورمشرق وسطیٰ کو جوڑنے کیلئے قدرتی تجارتی راہداری ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سی پیک اورگوادر ہماری آنے والی نسلوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے، پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ علاقائی تجارت اورخوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
بہرحال یہ انتہائی اہم پیش رفت ہے کہ تاجکستان سے بلوچستان تک پانی لانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے جس سے آبی قلت کا خاتمہ ہوگا، زرعی انقلاب کے ساتھ دیگر مسائل حل ہونگے۔
سی پیک سمیت دیگر منصوبوں سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں ترقی اورخوشحالی آئے گی جس کے ثمرات عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ عام لوگوں کی زندگیوں میں معاشی تبدیلی آئے جبکہ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ملکی صنعتیں ترقی کرسکیں جس سے برآمدات میں اضافے کے ساتھ مقامی لوگوں کیلئے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔
امید ہے کہ گریٹ معاشی پالیسی کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ ملک قرض کی بجائے اپنے پاؤں میں کھڑا ہوسکے جس سے بڑے سود سے قومی خزانہ پر بوجھ کا خاتمہ ہوگا، ملک خود کفیل ہوکر دنیا کے ترقی یافتہ و خوشحال ممالک میں شمار ہوگا۔
بلوچستان، ملکی معاشی ترقی کی کنجی، خوشحالی کے ثمرات عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری!

وقتِ اشاعت : 2 days پہلے
Leave a Reply