موجودہ حکومت کی کاوشوں سے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے، دوست ممالک کے ساتھ تجارت سمیت دیگر شعبوں کو فروغ دیا جارہا ہے جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
بیرونی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت بہترین سمت میں گامزن ہے۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے حالیہ مختلف ممالک کے دوروں سے سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کو کامیابیاں مل رہی ہیں۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذر بائیجان کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا اور 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں دستخط ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کے دورے کی دعوت اور بھرپور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں، باکو کی طرز پر اسلام آباد کو بھی خوبصورت شہر بنانے میں مصروف ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے، طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا جب کہ 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں اسلام آباد میں دستخط ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کی علاقائی خودمختاری اورسلامتی کی حمایت کرتے ہیں جب کہ کارا باخ کے مسئلے پر آذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر آذربائیجان کے صدرالہام علیوف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو آذربائیجان میں خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیں۔
اس سے قبل پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سمیت دونوں ممالک کے وزرا شریک ہوئے۔
دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے پاکستان اورآذربائیجان میں ایل این جی کی خریدو فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدے، اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور دیگر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جب کہ پی ایس او، ایس او سی اے آرٹریڈنگ میں پٹرولیم مصنوعات کی خریدوفروخت کے سمجھوتے پر بھی دستخط کیے گئے۔
دوسری جانب ملک میں جنوری میں 9.92 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔
جنوری میں ملکی نجی شعبے میں 18.43 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی، سرکاری شعبے سے جنوری میں 8.51 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری نکالی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے ابتدائی7 ماہ میں 1.34 ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی، مالی سال 2024 کے ابتدائی 7 ماہ کے مقابلے رواں مالی سال 7 ماہ میں 25 فیصد اضافی سرمایہ کاری ہوئی۔
ملکی نجی شعبے میں 7 ماہ میں 1.29ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، نجی شعبے میں 7 ماہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 56 فیصد بڑھ کر 1.52 ارب ڈالر رہی جو کہ خوش آئند بات ہے۔
پاکستان گزشتہ چند برسوں سے شدید مالی بحران سے دوچار تھا ،بیرونی سرمایہ کاری میں کافی کمی آئی تھی ،بیرونی سرمایہ کاری نہ ہونے سے قومی خزانے پر بوجھ بڑھ گیا تھا ۔
بہرحال اب معاشی تنزلی ختم ہوتی جارہی ہے ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے جس سے معاشی بحران کا خاتمہ ہوگا۔
ملکی صنعتیں بحال ہونگی جس سے کاروبار میں اضافہ ہوگا ،روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔
تاہم مہنگائی پر کنٹرول قابو پانے کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو مہنگائی سے نجات مل سکے جبکہ دیگر بنیادی سہولیات بھی عوام کو ان کی دہلیز تک پہنچانا حکومتی ترجیحات ہونی چاہئے تاکہ معاشی ترقی کے ثمرات سے عوام براہ راست مستفید ہوں۔
ملکی معاشی ترقی، دوست ممالک کی سرمایہ کاری، حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج

وقتِ اشاعت : 3 hours پہلے
Leave a Reply