کوئٹہ:چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے سینئرنائب صدر حا جی اختر محمد کا کڑ،نائب صدر میروائس کاکڑنے کہا ہے کہ حکومت فلائی جناح اور پی آئی اے کے کراچی ،اسلام آباد اور لاہور کے ٹکٹس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کانوٹس لے اورپی آئی اے سمیت دیگرائیرلائنز کی پروازوں میں اضافہ کرے اور بلو چستان سے بند ہونے والی ٹرینوں کی سروس کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ صوبے کے لوگوں کوسفر کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو ایوان صنعت و تجارت کے ممبران موسیف کاکڑ،آغا گل خلجی ،وطن یار بازئی ،حاجی اشرف ،حاجی اکرم ،جہانگیر خان اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے ملک کے مختلف شہروں کو پہلے 10ٹرینیں چلاکرتی تھیں مگر2002سے 2020ء تک 8ٹرینوں کو مختلف وجوہات کی بناء پر بند کردیا گیاجبکہ اسوقت صرف کوئٹہ تا پشاور جعفرایکسپریس ، کوئٹہ سے کراچی بولان میل اور کوئٹہ چمن پسنجر ترین کی سروس بحال ہے
جس سے دوسرے صوبوں کو جانے والے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ ژوب شاہراہوں کی بندش اورآئے روز احتجاج کے باعث عوام اور بزنس کمیونٹی کو سخت مشکلات درپیش ہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ملک کے مختلف شہروں تک آمدورفت کسی امتحان سے کم نہیں ایسے میں ہوائی جہاز کے ٹکٹوں میں اضافہ نے عوام اور بزنس کمیونٹی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن اور سیرین ائیر لائن کی جانب سے پروازوں کو انتہائی محدود کیا گیا ہے بلکہ کسی بھی کمپنی کی یومیہ بنیادوں پر اسلام آباد کیلئے فلائٹس نہیں ہیں جبکہ فلائی جناح 72ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کراچی ،اسلام آباد اور لاہورکے ٹکٹ پر وصول کر رہی ہے جو مایوس کن ہے اس حوالے سے ایوان صنعت و تجارت نے وفاقی وزرات ہوابازی کو ایک مراسلہ بھی ارسالکیاہے جسمیں وفاقی وزارت ہوا بازی سے صورتحال کانوٹس لینے کی استدعا اورفلائٹس میں اضافے کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی اوراسلام آباد کیلئے ایڈوانس بکنگ پر ریگولر فیرز رینج 17ہزار سے 20ہزار تک ہے مگر سفرکی تاریخ کے قریب ترین دنوں میں نجی ائیرلائن فلائی جناح کی جانب سے فیرز 72ہزار سے 1لاکھ روپے تک وصو ل کئے جاتے ہیں جس سے عوام شہری اور بزنس کمیونٹی بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت ہوا بازی کوئٹہ سے پاکستان ائیر لائن ، ائیربلیو ، ائیر سیال اوردوسری بڑی ائیر لائنز کو کوئٹہ سے کراچی ،اسلامآباد اوردیگر بڑے شہروں تک پروازوں میں اضافے کا پابند اورسفر کے قریب ترین دنوں میں ائیر ٹکٹس 17سے 25ہزارتک کرنے کا پابند کیا جائے اور فلائی جناح کو ٹکٹس پر65ہزار سے ایک لاکھ روپے تک وصو ل کرنے سے روکا جائے۔ایک سوال کے جواب میں اختر کاکڑ نے کہا کہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری اس صورتحال کے حوالے سے عدالت سے بھی رجوع کریگی۔
Leave a Reply