وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال نے بلوچستان میں معدنیات کا بہت زیادہ پوٹینشل ہے، سیکیورٹی کےحوالے سے بھی سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ فورم میں شرکت کرنے وا لوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے معدنیات کے فروغ اور بیرونی سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے اور سرمایہ کاروں کو کاروبار میں آسانی فراہم کرنے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے شمالی علاقوں سے مختلف قسم کی تقریباً 90 معدنیات حاصل کی جا رہی ہیں، اس شعبے کو مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان منرلز سے مالامال ہے اور اس میں بے شمار معدنیات موجود ہیں جو کوالٹی کے اعتبار سے بھی دیگر ممالک کی نسبت زیادہ بہتر ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ پاکستان کے 95 فیصد وسائل ابھی تک دریافت نہیں کیے جا سکے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا آئے اور ان وسائل کو دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ موثر طور پر استعمال بھی کرے، پاکستان میں لیتھیئم ، کاپر ، سلور ، سونے ، چاندی ، ایلومینیئم اور دیگر دھاتوں کے وسیع ذخائر موجود ہیں،
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ملک ہے جس کا ثبوت یہاں موجود سینکڑوں بین الاقوامی کمپنیاں ہیں جو اپنے اپنے آپریشنز کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کو بڑھانا بھی چاہ رہی ہیں ۔ ا ن کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے ان ممالک میں سے ہے جہاں کارپوریٹ سیکٹر سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور حکومت پاکستان بھی نجی سرمایہ کاروں کی ہمیشہ سے حوصلہ افزائی کرتی آ رہی ہے ۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مزید بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان کے اس شعبے میں سرمایہ کاری کرکے اس شعبے کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں، پہلے سے پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں اپنے آپریشنز کو وسعت دینا چاہ رہیں اور اس میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں۔
Leave a Reply