|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2025

کوئٹہ:صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے معدنی شعبے میں ون ونڈو فیسلیٹیشن سروسز کے آغاز کو ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز کرے گا اور صوبے کو معاشی خودکفالت کی جانب لے جائے گا۔

انہوں نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کی جانب سے اسلام آباد میں منعقدہ منرلز سمٹ 2025 کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی شرکت اور بلوچستان میں معدنیات اور معدنی وسائل میں سرمایہ کاریوں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کرنے اور صوبہ کو تعمیر و ترقی کی جانب گامزن کرنیکے وڑن، قیادت اور عملی اقدامات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس کامیاب سمٹ پر وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں معدنی شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کا ذریعہ بنے گا بلکہ ملک میں لاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم اور ترقی کی نئی راہیں بھی کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ پاکستان کی معاشی خودمختاری اور پائیدار ترقی کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔

محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کی جانب سے کامیاب منرل سمٹ 2025 کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش اور محفوظ مقام بنتا جا رہا ہے، جہاں ترقی، شفافیت، اور مقامی کمیونٹیز کی شمولیت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ صوبائی مشیر کھیل و آمور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبہ ایک نئے ترقیاتی دور میں داخل ہو رہا ہے

جہاں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو نہ صرف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ مقامی آبادی کو بھی ترقی کے عمل میں شریک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے ان منصوبوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور ہنر مندی کے بے شمار مواقع حاصل ہوں گے، جو صوبے کے دیرپا استحکام کا ضامن بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی پالیسیوں نے اسے ملکی اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بنا دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *