کوئٹہ:صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے حاصل ہونے والی بچت کو بلوچستان کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر صرف کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ N25 (چمن-کوئٹہ-قلات-خضدار-کراچی) شاہراہ کو دو رویہ کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے کیونکہ سالانہ ہزاروں حادثات اس ایک رویہ سڑک پر ہوتی ہیں اور کوئی ایسا دن نہیں کہ اس شاہراہ پر کوئی حادثہ نہ ہو جس سے لوگ اپنی جان ، مال سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ یہ قاتل یا خونی شاہراہ کے طور پر جانی جانے والی N-25 اب ترقی، خوشحالی اور محفوظ سفر کی علامت بنے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اس شاہراہ کو مستقبل کی خوشحالی کی سڑک قرار دینا اس منصوبے کی اہمیت کا واضح ثبوت ہے، جبکہ اس کی تعمیر کا معیار موٹر وے سے کسی طور کم نہیں ہوگا، جو کہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہو گا۔
واضح رہے کہ 15 اپریل کو وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت منعقدہ وفاقی کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کرنے کے بجائے اس بچت کو بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ اس بچت سے نہ صرف N-25 شاہراہ کو دو رویہ کیا جائے گا بلکہ کچھی کینال فیز 2 کی تکمیل بھی ممکن بنائی جائے گی، جو صوبے میں زرعی ترقی، روزگار اور خوراک کی خود کفالت میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی وفاقی کابینہ اجلاس میں خصوصی شرکت اور بھرپور انداز میں صوبے کا مؤقف پیش کرنا قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح بلوچستان کی تعمیر و ترقی ہے اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی ہر سطح پر صوبے کے حقوق کے مؤثر دفاع کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی بلوچستان کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں کا حصہ بنایا جاتا رہے گا۔
Leave a Reply