|

وقتِ اشاعت :   2 hours پہلے

بلوچستان ہائی کورٹ کا کیسکو کو زمینداروں کے زرعی کنکشن منقطع کرنے سے روکنے کا حکم

کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ نے زرعی شعبے کو درپیش بجلی کی بندش کے معاملے پر اہم فیصلہ سناتے ہوئے کیسکو کو زمینداروں کے زرعی بجلی کنکشن منقطع کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے کیسکو اور وفاقی حکومت سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یہ فیصلہ بلوچستان ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس عامر نواز رانا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کے دوران سنایا۔

درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ “ہماری فصلیں تیار ہیں، اگر اس مرحلے پر بجلی کے زرعی کنکشن منقطع کیے گئے تو ہمیں شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔” انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک فصلات تیار ہیں، بجلی کی فراہمی جاری رکھی جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 28 اپریل 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے کیسکو کو ہدایت جاری کی کہ اس دوران زرعی کنکشن منقطع نہ کیے جائیں۔

یہ فیصلہ زمیندار برادری کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو بجلی کی فراہمی کے عدم تسلسل کے باعث طویل عرصے سے پریشان حال تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *