|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ قومی و صوبائی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف بھارت کی جانب سے عائد بے بنیاد الزامات اور جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، مگر اس کے باوجود بھارت کا اشتعال انگیز رویہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی مادرِ وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور بلوچستان کے عوام اپنی فوج اور حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم یکجہتی کے ساتھ دفاع وطن کے لیے تیار ہے۔

کابینہ اجلاس میں سانحہ نوشکی پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ غیر قانونی پیٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور سانحہ نوشکی کے فوری بعد ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیزی سے شروع کی گئیں۔ محکمہ صحت کے عملے نے ایمرجنسی صورتحال میں مثالی خدمات انجام دیں۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت، سیکرٹری ہیلتھ، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ وابستگی قابل تحسین ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ آج صبح 24 شدید زخمیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں بروقت اور بہتر علاج فراہم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *