|

وقتِ اشاعت :   11 hours پہلے

ہمئے، ضلع چاغی:ریکودک مائننگ کمپنی(آر ڈی ایم سی)کی جانب سے انڈس اسپتال و ہیلتھ نیٹ ورک(آئی ایچ ایچ این) کے اشتراک سے ضلع چاغی کے گاؤں ہمئے میں قائم کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں ایک مکمل سہولیات سے آراستہ ماں، نوزائیدہ اور بچے کی صحت (ایم این سی ایچ) یونٹ کا افتتاح کردیا گیا۔ یہ اقدام ریکودک منصوبے کے آس پاس کے پسماندہ علاقوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیےآر ڈی ایم سی کے عزم کی عملی تعبیر ہے۔

اس یونٹ کے تحت انڈس اسپتال کے کمیونٹی مڈوائف ماڈل کے مطابق 24 گھنٹے مڈوائف کی زیرنگرانی زچگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس میں خواتین میڈیکل آفیسرز کی موجودگی، محفوظ زچگی کے لیے خصوصی یونٹ، نوزائیدہ بچوں کے لیے اسٹیبلائزیشن بے، زچگی کے بعد دیکھ بھال، خاندانی منصوبہ بندی اور حفاظتی ٹیکوں کی سہولیات بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، ماں کی صحت اور فلاح کے متعلق آگاہی کے لیے کمیونٹی ایجوکیشن پروگرام بھی اس کا حصہ ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر ڈی ایم سی کے جنرل مینیجر مسٹر رائن مچل نے کہا: “ریکودک مائننگ کمپنی کے لیے پائیدار کان کنی کا مطلب صرف معدنیات نکالنا نہیں بلکہ کمیونٹی کی ترقی میں کردار ادا کرنا بھی ہے۔ ہم صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو مقامی خاندانوں کی زندگی بہتر بنانے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ماں اور بچے کی حفاظت اور صحت سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ یونٹ ہمئے کے علاقے میں ماں اور بچے کی صحت کے بہتر نتائج کا ضامن بنے گا۔”

ہمئے میں قائم کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہلے ہی ایک جامع طبی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں آؤٹ پیشنٹ خدمات، دائمی بیماریوں کا علاج، ابتدائی طبی امداد، 24 گھنٹے ایمبولینس ریفرل سروس، ضروری ادویات سے آراستہ فارمیسی، حفاظتی ٹیکے اور تشخیصی سہولیات دستیاب ہیں۔ ایم این سی ایچ یونٹ کی شمولیت سے اب یہ مرکز علاقے میں کمیونٹی پر مبنی بنیادی طبی سہولیات کا ایک نمایاں نمونہ بن چکا ہے۔
اس مرکز کے قیام کے بعد سے اب تک 5,200 سے زائد مریضوں کو ابتدائی طبی معائنے کی سہولت دی جا چکی ہے، 13,000 سے زائد افراد کو صحت سے متعلق آگاہی پروگراموں کے ذریعے معلومات فراہم کی گئی ہیں، سینکڑوں افراد کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے اور 390 سے زائد ریپڈ ڈائیگنوسٹک ٹیسٹ کیے گئے۔ ان خدمات کی فراہمی میں تجربہ کار طبی عملہ کا اہم کردار بھی شامل ہے جس میں جنرل فزیشنز، نرسیں، فارماسسٹ، لیبارٹری ٹیکنیشنز، ویکسینیٹرز اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب میں آر ڈی ایم سی کے ہیڈ آف سسٹین ایبلٹی ایشلے پرائس، کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ محمد عیسیٰ طاہر، کمیونٹی انویسٹمنٹ اسپیشلسٹ حفیظ اللہ، اور کمیونٹی انگیجمنٹ لیڈ گل بلوچ نے شرکت کی۔ انڈس اسپتال کی جانب سے آپریشنز مینیجر شیر جان بلوچ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر دیگرآر ڈی ایم سی حکام اور مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *