انڈین سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے کہا ہے کہ پاکستان میں انڈین کارروائی نپی تلی ہے اور اس کا مقصد کشیدگی کو بڑھانا نہیں۔
منگل کی شب پاکستان کے مختلف مقامات پر انڈین حملوں کے بعد بدھ کی صبح پریس بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے کہا کہ انڈین انٹیلیجنس کی معلومات کے مطابق اس طرح کے مزید حملے ہونے والے تھے لہذا انھیں روکنے کے لیے یہ کارروائی کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ انڈیا نے سرحد پار سے ہونے والے حملوں کا جواب دیتے ہوئے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں ’دہشت گردوں کے ٹھکانوں‘ پر حملہ کیا۔
انڈین سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پہلگام حملہ پاکستان اور پاکستان میں تربیت یافتہ دہشتگردوں نے کیا اور تحقیقات نے دہشت گردوں کے پاکستان کے ساتھ روابط کو بے نقاب کر دیا۔
انڈین سیکریٹری خارجہ نے پہلگام حملے کا الزام کالعدم عسکریت پسند گروپ ’دا ریزسٹنس فرنٹ‘ پر عائد کیا۔
واضح رہے کہ انڈین حکومت ’دا ریزسٹنس فرنٹ‘ کو کالعدم شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم یا پراکسی قرار دیتی ہے جبکہ پہلگام حملے کے فوراً بعد ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا اس حملے کے پیچھے ٹی آر ایف کا ہاتھ ہے تاہم بعد میں اس عسکریت پسند گروپ نے اس کی تردید کی تھی۔
وکرم مصری نے مزید کہا کہ ’پہلگام حملہ انتہائی وحشیانہ تھا، جس کا مقصد جموں کشمیر میں معمول پر آنے والے حالات کو بری طرح سے نقصان پہنچانا تھا۔‘
یاد رہے کہ پاکستان پہلگام حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔
Leave a Reply