پنجاب میں محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122کی فرضی مشقیں شروع کردی گئی ہیں، محکمہ شہری دفاع کو پوری طرح فعال اور مشقوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی ،مری، جہلم ،چکوال سرگودھا ،نارووال ،گوجرانوالہ، حا فظ آباد، سیالکوٹ، ساہیوال،پاکپتن، ملتان، خانیوال ،مظفرگڑھ ، لیہ، وہاڑی، حافظ آباد اور دیگر شہروں میں محکمہ شہری دفاع کی فرضی مشقیں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو شہری دفاع کی مشقوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ریسکیو 1122 نے بھی مختلف شہروں میں موک ایکسرسائز کا آغاز کر دیا ہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور خطرات سے بچاؤ کے لیے ریسکیو 1122 کی فرضی مشقیں کی جارہی ہیں۔
پنجاب حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122کو ہمہ وقت مستعد رہنے کی ہدایت کی ہے، ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے ذریعے شہریوں کی مدد اور رہنمائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی رات اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں اور کئی ڈرونز کو تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔
Leave a Reply