|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) پر عملدرآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات اور تمام محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوئے۔

اجلاس میں محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے گرین بسوں کی خریداری میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ایک سال گزرنے کے باوجود صرف 21 بسیں بھی نہیں خریدی جا سکیں، جو باعث حیرت اور افسوسناک ہے۔”

میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ جون سے قبل گرین بسیں ہر صورت سڑکوں پر لائی جائیں، مزید تاخیر ناقابل برداشت ہوگی۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ضروری سہولیات فوری فراہم کرنے کی تاکید بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ “جاری منصوبے جون سے قبل مکمل کیے جائیں” اور کہا کہ جن منصوبوں پر کام کی رفتار سست ہے ان کے فنڈز فعال اسکیموں کو منتقل کیے جائیں۔

اجلاس کے دوران محکمہ کھیل کے 2015 سے نامکمل منصوبوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے ذمہ داران کے تعین کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ “منصوبوں میں تاخیر عوام کیلئے مشکلات اور اخراجات میں اضافے کا سبب بنتی ہے، لہٰذا تیز رفتار اقدامات ناگزیر ہیں۔”

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *