ریاض میں اہم معاہدوں پر دستخط کے بعد سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب بھی کیا ہے اور دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آج ان کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جو 600 بلین ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے یہ آنے والا مہینوں میں بڑھ کر ایک ٹریلین ڈالر تک کا ہو سکتا ہے۔
محمد بن سلمان نے اس کے بعد اس معاہدے کے چند نکات پر بات کی جس میں فوجی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ انھوں نے کہا اس سے سعودی عرب میں ملازمتوں کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
محمد بن سلمان نے کہا کہ امریکہ اور سعودی عرب کے گہرے معاشی تعلقات ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہمارے دو دوست ممالک کے درمیان گہرے معاشی تعلقات پائے جاتے ہیں اور آج دونوں اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مشترکہ سرمایہ کاری ہمارے معاشی تعلقات کا اہم ستون ہے۔’امریکہ پر پیسوں کی بارش ہو رہی ہے‘
امریکی صدر نے کہا کہ آج ان کی حکومت نے دو اہم تاریخی تجارتی معاہدے کیے ہیں اور یہ دونوں بہت ہی شاندار ہیں۔ انھوں نے پہلے برطانیہ کے ساتھ ٹیرف معاہدے کا ذکر کیا اور پھر کہا کہ امریکہ نے چین کے ساتھ بھی ایک اہم معاہدہ کر لیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ان معاہدات کی کچھ تفصیلات شیئر کرے گی۔ تاہم انھوں نے کہا کہ اب چین اس بات پر رضامند ہو گیا ہے کہ وہ امریکہ سے تجارت سمیت ہر شعبے میں کام کرے گا۔
انھوں نے اپنے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکہ کی معیشت میں ترقی کی تعریف کی ہے۔انھوں نے کہا کہ جب سے ہم اقتدار میں آئے ہیں تو ہم امریکہ آنے والی دولت اور جو آ رہی ہے اسے دیکھ سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم شاندار کام کر رہے ہیں۔‘انھوں امیگریشن، امریکی افواج میں بھرتیوں اور دیگر پالیسی امور پر تفصیل سے بات کی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ آج ہم نے امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات کو بہت قریبی، مضبوط اور انتہائی طاقتور بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ تعلقات ایسے ہی رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ دوسروں کی طرح کبھی ایک طرف تو کبھی دوسری طرف نہیں ہوگا۔ یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کس کے بارے میں یہ کہہ رہے تھے۔ٹرمپ نے سعودی عرب میں آٹھ برس قبل اپنے دورے کے دوران مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا وہ یہ سب نہیں بھول پائے۔ اپنے خطاب میں انھوں نے محمد بن سلمان کو ’گریٹ مین‘ کہا۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ایک عظیم جگہ ہے اور اور یہاں کے عوام بہت شاندار لوگ ہیں۔ انھوں محمد بن سلمان کی تعریف کرتے ہوئے انھیں ایک ’شاندار آدمی‘ قرار دیا۔ٹرمپ نے کہا کہ ان کا دورہ امریکہ اور سعودی عرب میں 80 برس کے تعلقات کا عکاس ہے اور یہ تعلقات سکیورٹی اور خوشحالی کے مظہر ہیں۔
Leave a Reply