|

وقتِ اشاعت :   10 hours پہلے

جامعہ گوادر کی چھٹی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس سی پیک اسٹڈی سینٹر، پی سی ٹی وی آئی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایس منظور احمد، ایچ ای سی کی ڈائریکٹر فنانس محترمہ ثمینہ درانی، نمائندہ گورنر سیکرٹریٹ ،ایڈیشنل سیکریٹری محمد عارف ترین، گوادر یونیورسٹی کے رجسٹرار دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، چیئرپرسن شعبہ تعلیم محترمہ شہناز، اور ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر رابعہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں 12 نومبر 2024 کو منعقدہ پانچویں ایف اینڈ پی کمیٹی اجلاس کی کارروائی اور عملدرآمد رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور اسے منظور کیا گیا۔
مزید برآں،گوادر یونیورسٹی کے مالی سال 2024-25 کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینے اور مالی سال 2025-26 کے بجٹ تخمینے کی سفارش کی گئی۔
کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نیشنل فیس ریفنڈ پالیسی کو اختیار کیا اور کیو ای سی کے بیرونی جانچ کنندگان کے لیے معاوضہ مقرر کیا۔ ساتھ ہی ساتھ، یونیورسٹی کے ٹیچنگ فیلو اور وزٹنگ لیکچررز کے لیے نظرثانی شدہ معاوضے پر بھی غور کیا گیا ۔
دیگر اہم مالی امور کو بھی چیئرمین کی اجازت سے زیر بحث لایا گیا، جن میں حکومت بلوچستان کے بینیوولنٹ فنڈ کے لیے تجویز کردہ شرحوں کے تعین کے لیے کمیٹی کی تشکیل شامل تھی، جو یونیورسٹی کے مستقل ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا ہے۔
گفتگو کے دوران محترمہ ثمینہ درانی نے یونیورسٹی کے مالیاتی شعبے کی بہتر دستاویزی تیاری کو سراہا اور مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے زور دیا کہ یہ فیصلے یونیورسٹی کی مالی خود مختاری کو یقینی بنانے، تعلیمی ماحول کے فروغ، اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کمیٹی اراکین کی قیمتی تجاویز کو سراہا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ منظور شدہ اقدامات یونیورسٹی کے تعلیمی معیار اور ادارہ جاتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *