بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیوں میں ( بی ایل ایف ) کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 17-18 مئی کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے گشکور میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں یونس نامی دہشتگرد ہلاک اور 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
ضلع کیچ کے شہر تربت میں دوسری کارروائی کے دوران بی ایل ایف کے 2 دہشتگرد مارے گئے جن میں دہشتگردوں کا سرغنہ صابر اللہ اور دہشتگرد امجد عرف بیچو شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جبکہ ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
بیان میں بتایا گیا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کی موجودگی کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن ، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
Leave a Reply