|

وقتِ اشاعت :   9 hours پہلے

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ذاتی خرچ پر ایک ہزار فلسطینی شہدا، قیدیوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو حج کرانے کی ہدایت کی ہے۔

 یہ اقدام ’خادم حرمین شریفین کے مہمانانِ حج، عمرہ اور زیارت پروگرام‘ کے تحت کیا جا رہا ہے، جسے وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد نافذ کر رہی ہے۔

وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد اور پروگرام کے عمومی نگران شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا اس فیاضانہ اقدام پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مملکت کی مسلسل حمایت، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی، اور اسلامی اخوت کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے زور دیا کہ یہ اقدام قیادت کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے مناسکِ حج کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت نے فوری طور پر ایک جامع منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، جس کے تحت فلسطینی عازمین حج کو اپنے وطن سے روانگی سے لے کر ان کی واپسی تک مکمل سہولتیں اور خدمات مہیا کی جائیں گی، تاکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کا قیام آرام دہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے آغاز (1417ھ) سے اب تک دنیا بھر کے مختلف ممالک سے 64 ہزار سے زائد عازمین حج کی میزبانی کی جا چکی ہے، جو اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں مملکت کی مسلسل کوششوں اور عالم اسلام کے مرکز و قبلہ کی حیثیت سے اس کے کردار کی گواہی ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *