امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کے آئی فون پر 25 فیصد جبکہ یورپی یونین پر 50 فیصد تجارتی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ یورپی یونین سے تجارتی مذاکرات کرنے والا تھا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے گذشتہ ماہ یورپی یونین پر 20 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا تھا تاہم متوقع مذاکرات کی وجہ سے ٹیکس کی شرح کو آٹھ جولائی تک 10 فیصد مقرر کر دیا تھا۔
تاہم اب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یورپی یونین پر 50 فیصد ٹیکس کا اطلاق یکم جون سے ہو جائے گا۔
دوسری جانب آئی فون کے ٹیکس کے حوالے سے ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایپل نے سمارٹ فونز کو امریکہ میں مینوفیکچر نہ کیا تو اسے 25 فیصد ٹیکس دینا ہو گا۔
یاد رہے کہ 15 مئی کو قطر میں ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹِم کُک سے کہا تھا کہ وہ انڈیا میں آئی فون نہ بنائیں۔ اسی کے ساتھ اُن کا کہنا تھا کہ انڈیا اپنے مفادات کا خیال خود رکھ سکتا ہے۔
ٹرمپ نے اس اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس میں رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کا اطلاق سیم سنگ یا یہی مصنوعات بنانے والی کسی بھی دوسری ایسی کمپنی پر ہو گا ورنہ یہ ناانصافی ہو گی۔ اگر وہ یہاں پلانٹ لگاتے ہیں تو اس پر ٹیرف نہیں ہو گا۔۔۔ اس ٹیرف کا اطلاق جون کے اواخر میں ہو گا۔
’میری ایپل کے سی ای او ٹم کک سے بات ہوئی اور انھوں نے مجھے بتایا کہ وہ ایسا نہیں کریں گے، انھوں نے کہا کہ وہ انڈیا جائیں گے۔ اس پر میں نے کہا کہ انڈیا جانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن آپ اسے بغیر ٹیرف یہاں نہیں بیچ سکتے۔ اگر آئی فون امریکہ میں بکے گا تو یہ امریکہ میں بنے گا۔‘
Leave a Reply