نوشکی: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت وحید احمد ولد محمد ہاشم کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق جمال آباد، نوشکی سے تھا۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اور اس پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “فریضے کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکار کو سلام پیش کرتے ہیں۔”
ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ پولیو کے خاتمے کی قومی مہم کو سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی ایک منظم سازش ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تخریب کاروں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے گی اور حکومت پولیو ٹیموں اور ان کی سیکیورٹی پر معمور اہلکاروں کی حفاظت کو مزید مؤثر بنائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو متعدد بار دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، جس کے باعث ان مہمات میں سیکیورٹی خدشات ہمیشہ سے اہم چیلنج رہے ہیں۔
Leave a Reply