کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اہل وطن کو یوم تکبیر کی پُر جوش مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے نہ صرف دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیا بلکہ خطے میں طاقت کا توازن بھی قائم رکھا۔ “پاکستان کی ایٹمی صلاحیت خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے، اور یہ ہماری مسلح افواج اور ایٹمی سائنسدانوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے تاریخ رقم کی،” وزیراعلیٰ کا کہنا تھا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں ملک کی سالمیت، بقاء اور دفاع کے لیے بے لوث خدمت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر پاکستانی دفاع وطن کے لیے ہر پل تیار ہے اور پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی عوام نے ہمیشہ پاک فوج مخالف پروپیگنڈے کو مسترد کیا ہے، اور صوبہ قومی یکجہتی کی علامت بنا ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں کہا: “پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پوری قوم اور امت مسلمہ کی فتح ہے۔ دشمن جان لے کہ وہ پاک سرزمین کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔”
یاد رہے کہ یومِ تکبیر ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے تاکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی کامیابی کو یاد رکھا جائے اور ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے جنہوں نے وطن عزیز کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
Leave a Reply