دوربن چاہ، ضلع چاغی، : ریکودک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے مقامی کمیونٹی کی ترقی کی عزم کے تحت ضلع چاغی کے گاؤں دوربن چاہ میں شمسی توانائی سے چلنے والے ریورس اوسموسس (RO) پلانٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔
اس منصوبے کی تجویز اور منصوبہ بندی مقامی پراکوہ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی(سی ڈی سی)نے دی جو آرڈی ایم سی کے مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل جل کر کام کرنے کے طریقہ کار کی عکاسی کرتی ہے۔ پلانٹ کا باضابطہ افتتاح آر ڈی ایم سی کے جنرل منیجر رائن مچل نے مقامی کمیونٹی اور سی ڈی سی نمائندوں کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر مقامی کمیونٹی نے آر ڈی ایم سی کی ان کوششوں کو سراہا جن کے تحت وہ مقامی آبادی کی بنیادی ضروریات کو نتیجہ خیز منصوبوں کے ذریعے پورا کر رہی ہے۔ یہ آر ڈی ایم سی کی جانب سے ضلع چاغی میں نصب کیا جانے والا چوتھا
آر او پلانٹ ہے، اس سے پہلے ہمئے، نوک چاہ اور مشکی چاہ میں بھی ایسے پلانٹس نصب کیے جا چکے ہیں۔ تمام واٹر پلانٹس شمسی توانائی سے چلتے ہیں تاکہ بجلی کے مقامی نظام میں موجود چیلنجز کے باوجود پائیداری کو یقینی بنایا جاسکے۔ دوربن چاہ میں نصب ہونے والا نیا پلانٹ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے جو روزانہ دس ہزار گیلن صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی پیداواری صلاحیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل مقامی کنوؤں میں پانی کے اندر موجود نمکیات (TDS) کی مقدار 2000 سے 2500 ملی گرام فی لیٹر کے درمیان تھی، جو محفوظ حد سے کہیں زیادہ تھی۔ اس نئے پلانٹ کی مدد سے یہ سطح کم ہو کر 200 سے 230 ملی گرام فی لیٹر ہو گئی ہے،
جو پینے کے پانی کے لیے عالمی صحت کے معیار سے مطابقت رکھتی ہے۔ دوربن چاہ اور آس پاس کے رہائشی طویل عرصے سے پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی قلت کا سامنا کر رہے تھے اور اکثر ایسے ذرائع پر انحصار کرتے تھے جو صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے تھے۔
نیا آر او پلانٹ اس اہم مسئلے کا حل فراہم کرتی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی کے ذریعے صاف پانی فراہم کرکے معیار زندگی کو بہتر بنائے گا۔ ریکودک مائننگ کمپنی کی سماجی سرمایہ کاری کی جامع حکمت عملی میں پانی کی دستیابی اور انسانی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح حاصل ہے۔
اس کے تحت پرائمری اسکولوں کا قیام، ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر تکنیکی تربیت، اور انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے اشتراک سے صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری جیسے اقدامات شامل ہیں۔ یہ تمام ترقیاتی منصوبے مقامی کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹیوں (سی ڈی سیز) کی رہنمائی میں مکمل کیے جاتے ہیں تاکہ ہر منصوبے میں شفافیت، شمولیت اور مقامی نمائندگی یقینی بنائی جاسکے۔
Leave a Reply