|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2025

کوئٹہ:بلوچستان گرینڈ الائنس آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت آرگنائزر ملک عبدالقدوس کاکڑ منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کی کاروائی سیکرٹری جنرل حاجی علی اصغر بنگلزئی نے چلائی ۔

اجلاس میں کورکمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کے تناظر میں چارٹر آف ڈیمانڈ کے حصول کے لیے احتجاج کے دوسرے مرحلے کی حکمت عملی مرتب کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ سیشن کے دوران احتجاج کی تیاریوں کے لیے ضلع کوئٹہ کی سطح پر پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں محمد اکرم وردک، علی بخش جمالی ۔

یونس خان کاکڑ، محمد طارق کدیزئی اور درمحمد لانگو شامل ہیں۔ یہ کمیٹی مزید کمیٹیاں بنا کر ضلع کوئٹہ کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں گیٹ میٹنگز کرے گی تاکہ اسمبلی کے سامنے احتجاجی کال کے لیے تیاریاں مکمل کی جا سکیں۔ضلعی سطح پر تشکیل دی گئی آرگنائزنگ کمیٹی سے تحریک کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی اور بجٹ سیشن کے دوران بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاج کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنا کر تمام ڈیپارٹمنٹس میں گیٹ میٹنگز منعقد کرنے کی تاکید کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان بجٹ سیشن سے تین دن قبل صرف کوئٹہ کی سطح پر پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔بلوچستان گرینڈ الائنس نے ملازمین کے اتحاد اگیگا کی جاری تحریک اور ان کی ڈیمانڈ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کا نمائندہ وفد اسلام آباد میں احتجاج کے دوران یکجہتی کے لیے شرکت کرے گا۔اجلاس میں بلوچستان کے تمام ملازمین کو احتجاج کے آخری مرحلے کے لیے بھرپور تیاری کی تاکید کی گئی اور کہا گیا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع سے ملازمین کے قافلے کوئٹہ پہنچ کر بلوچستان اسمبلی کا گھیراو کریں گے۔