|

وقتِ اشاعت :   12 hours پہلے

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2025-26 کے لیے 1020 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اس بجٹ میں 639 ارب روپے سے زائد رقم ترقیاتی پروگرام (PSDP) کے لیے مختص کی گئی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بجٹ میں وفاقی مالی معاونت والے منصوبوں کے لیے 66.5 ارب روپے، ایف پی اے اسکیمز کے لیے 30 ارب اور غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے لیے 34 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں آپریٹنگ اخراجات کے لیے 43 ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی آج بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کے دوران گزشتہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے 98 فیصد اجرا کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ محکمہ خزانہ، پلاننگ اور دیگر اداروں کو دیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کامیابی سے جاری ہے، اور 2300 نوجوانوں کا دوسرا بیچ جلد تربیت کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مشیر لیبر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کے لیے وفاقی فنڈز کی جلد فراہمی کی امید ظاہر کی گئی، جب کہ 60 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، اور رقوم براہ راست زمینداروں کو منتقل کی جا رہی ہیں۔

تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ SBK کا مسئلہ حل کر کے 3200 بند اسکول دوبارہ فعال کر دیے گئے ہیں۔ صحت کے شعبے میں انقلابی قدم کے طور پر 150 بنیادی مراکز صحت کو ٹیلی میڈیسن سے منسلک کیا جائے گا۔

پینشن اصلاحات پر بیوروکریسی، بالخصوص چیف سیکریٹری کی خدمات کو سراہا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق، اس سال پہلی بار پراسیکیوشن کے شعبے کو بجٹ میں سنجیدگی سے شامل کیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں ریسکیو 1122 کی موجودگی یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئے بجٹ میں ایریگیشن، کمیونیکیشن، تعلیم، صحت، امن و امان، اور ماحولیاتی تبدیلی کو بجٹ میں خصوصی ترجیح دی گئی ہے، جبکہ اسٹریٹیجک اور لائیولی ہڈ منصوبوں کو بھی نمایاں اہمیت دی گئی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر کابینہ نے گزشتہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے 98 فیصد اجرا پر اتحادی حکومت اور بیوروکریسی کی کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *