|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2025

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دختر مشرق، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی قیادت کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کا پاکستان پر قرض رہتی دنیا تک ادا نہیں کیا جا سکتا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کا نتیجہ ہے، محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک کے میزائل پروگرام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ جرات مندی سے پیش کیا اور دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں جبکہ بھارت جارح ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط کیا۔ بلوچستان میں بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ترقیاتی کام جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں پیپلز ایئر ایمبولینس سروس جلد فعال کی جا رہی ہے، جبکہ سریاب تا کچلاک پیپلز ٹرین سروس کا بھی جلد آغاز ہونے والا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار “بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام” شروع کیا گیا ہے، جو تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے 8 ہزار مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جن کی چابیاں جلد متاثرین کو دی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں این آئی سی وی ڈی منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، جس کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو ہر ملاقات میں متاثرین اور پارٹی کارکنوں کی خیریت دریافت کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو ایک شفیق ماں، مدبر لیڈر اور عوام کی سچی ترجمان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو اور ان کی جانب سے دیے گئے حوصلہ افزا الفاظ ان کی زندگی کا قیمتی اور یادگار اثاثہ ہیں۔

آخر میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیں عزت دی ہے، ہم اسے عوامی خدمت سے واپس لوٹائیں گے۔ یہ جماعت، یہ مشن اور یہ نظریہ ہماری طاقت اور ہمارا مستقبل ہے۔

تقریب سے صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی، ایم پی اے علی مدد جتک، سینیئر رہنما صابر بلوچ، سید اقبال شاہ، کوئٹہ ڈویژن کے صدر سردار خیر محمد ترین اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔آخر میں شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔