قلات : بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل نال میں لیویز فورس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں جبری مشقت پر مجبور 9 ہندو افراد کو بازیاب کرا لیا گیا۔ یہ کارروائی سینیٹر پونجو بھیل اور سینیٹر دھنیش کمار کی درخواست پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بازیاب افراد کا تعلق سندھ کے ضلع سانگھڑ سے ہے، جنہیں زبردستی کھیتوں میں مشقت پر مجبور کیا جا رہا تھا۔ کمشنر قلات کی نگرانی میں لیویز فورس نے صبح سویرے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مغوی افراد کو بازیاب کرا کے لیویز تھانہ نال منتقل کر دیا۔
کارروائی کے دوران دو بااثر زمیندار بابو اور داد محمد بلوچ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے۔
اس اقدام پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور ہندو پنچایت نے بلوچستان حکومت کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے تحفظ کے لیے اس قسم کے اقدامات نہایت اہم اور قابل تحسین ہیں۔