کراچی :ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو، جس میں ایک خاتون اور مرد کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، بلوچستان کی حدود میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیا ہے اور علاقے کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
شاہد رند کے مطابق، ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ یہ واقعہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پیش آیا، تاہم دونوں متاثرہ خاندانوں نے یہ واقعہ پولیس کو رپورٹ نہیں کیا۔ حکومت بلوچستان نے واقعے کا مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور جن چہروں کی شناخت ممکن ہوئی ہے، ان کی نادرا کے ذریعے ٹریسنگ کی جا رہی ہے۔ اب تک ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور تمام مشتبہ افراد کا ڈیٹا نادرا کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نام معلوم کر لیے گئے ہیں تاہم تفتیشی مراحل کی حساسیت کے پیش نظر فی الحال ظاہر نہیں کیے جا رہے۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی قسم کا سیاسی یا سماجی دباؤ برداشت نہیں کرے گی اور انصاف کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں شامل تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر ترجمان نے بتایا کہ تاحال مقتولین کی لاشیں برآمد نہیں ہو سکیں، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور بہت جلد تمام حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں گے۔