|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2025

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیڈ کوارٹرز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہیں ایف سی کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ دورے کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ، میجر جنرل عابد مظہر نے وزیرداخلہ کا استقبال کیا اور افسران سے تعارف کرایا۔

محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد مظہر نے فورس کی تربیت، پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرداخلہ نے بلوچستان میں قیام امن کے لیے ایف سی بلوچستان نارتھ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فورس ملک کی مایہ ناز فورسز میں سے ایک ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اور اس کے افسران اور جوانوں نے فتنۂ ہندوستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہمیں فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری پر فخر ہے۔”

دورے کے اختتام پر وفاقی وزیرداخلہ نے ملکی سلامتی اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام میں ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔