پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ کے مختلف گاؤں میں عسکریت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے پیشِ نظر تین دن کیلئے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
باجوڑ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحصیل لوئی ماموند کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کے پیش نظر 29 جولائی سے 31 جولائی تک صبح پانچ بجے سے لیکر شام 5 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرفیو کی سفارش ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن نے کی تھی۔
جن علاقوں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے اس میں بادِ سیاہ، ترخو، اِرب، گاٹ، آگرا، خرچائی، دواگئی، کالان، لغارئی، کِٹکوٹ، گِلئی، نختر، زرئی، دمبرال، امانتا اور زگائی شامل ہیں۔
دوسری جانب، علاقے میں صبح سے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی پروازیں جاری ہیں۔