|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2025

’ہم خاموش تماشائی نہیں بنے رہ سکتے‘: پاکستان کی ’گریٹر اسرائیل‘ سے متعلق وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی مذمت

پاکستانی نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ’گریٹر اسرائیل‘ سے متعلق بیان کی مذمت کرتا ہے۔

پیر کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان 31 عرب ممالک اور او آئی سی کے جنرل سیکریٹیز کے اس بیان کی توثیق کرتا ہے جس میں انھوں نے ’گریٹر اسرائیل‘ کے حوالے سے اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بیان کی مذمت کی ہے۔

اپنے خطاب میں اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستانی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ان کا بیان عرب قومی سلامتی، ریاستوں کی خودمختاری، خطے اور بین الاقوامی امن و سکیورٹی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔‘

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ: ’غزہ معصوم زندگیوں اور بین الاقوامی قوانین کا قبرستان بن چکا ہے۔‘

’ہم خاموش تماشائی نہیں بنے رہ سکتے۔‘

’تاریخ ہمارے الفاظ نہیں بلکہ اقدامات یاد رکھے گی۔ فلسطینی عوام کو ہمارے بیانات نہیں چاہییں، انھیں اسرائیلی قبضے سے آزادی اور تکالیف سے نجات کے لیے ٹھوس اقدامات چاہییں۔‘

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان غزہ میں مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی چاہتا ہے۔

پاکستانی وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کو اس صورتحال میں بھرپور عزم کے ساتھ فوری اقدامات لینے ہوں گے۔