|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2025

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج (QDP) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں پیکیج کے تحت جاری ترجیحی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ بنیادی سہولیات اور بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی سے کاروباری سرگرمیاں مزید بڑھیں گی اور نئے کاروبار کے مواقع پیدا ہونگے جس سے بے روزگاری میں کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج کے ذریعے کوئٹہ کی معیشت میں استحکام،

عوام کو روزگار کی فراہمی اور آمدنی میں بہتری کے امکانات روشن نظر آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ان اقدامات سے کوئٹہ کی اقتصادی حالت بہتر ہو کر سماجی فلاح و بہبود میں بھی اضافہ ہوگا۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ترجیحی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پیکیج کے تحت زیادہ تر ترجیحی منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے مقامی صنعت اور کاروبار کو بڑھانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، جیسے سڑکوں اور فلاحی منصوبوں کی تکمیل، سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹ روڈ پر بجلی کے تاروں کو انڈر گرانڈ کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

یہ اقدامات بیوٹیفکیشن اور حفاظتی منصوبوں کا حصہ بنائے جا رہے ہیں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو۔

اس موقع پر اجلاس کو کوئٹہ پیکیج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ذاہد سلیم، سیکرٹری مواصلات لعل جان جعفر، سیکرٹری فنانس عمران زرکون، کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ، پی ڈی و دیگر نے شرکت کی۔