|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2025

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان اور قائد ایوان سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر جو چاہے، جو مرضی آئے لکھ دیتا ہے، اور ہر باعزت شخص کی پگڑی اچھالی جاتی ہے، جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس سنگین مسئلے پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ بغیر کسی ثبوت کے سوشل میڈیا پر کسی کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے تمام اراکین اسمبلی سے اپیل کی کہ آئیے، مل کر قانون ساز اسمبلی میں اس اہم معاملے پر بات کریں اور مناسب قانون سازی کریں تاکہ کسی کی عزت نفس پامال نہ ہو۔