قطر پر اسرائیل کے حملے کے بعد امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے وزیراعظم سے نیویارک میں ملاقات کی ہے۔
جمعے کو نیویارک میں یہ ملاقات ڈنر یا عشائیے پر ہوئی ہے۔
وائٹ ہاؤس نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے لیکن ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔
صدر ٹرمپ اور قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آلثانی کے مابین ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی سفیر سٹیو وٹکوف بھی شریک تھے۔
نیویارک میں امریکی صدر کے ساتھ عشائیے سے قبل قطری وزیراعظم نے وائٹ ہاؤس میں امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔
امریکہ میں قطری مشن کے نائب سربراہ نے ایکس پر لکھا کہ ’امریکی صدر کے سے ساتھ زبردست عشائیہ ابھی ختم ہوا ہے۔‘
یہ ملاقات ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے جب چند روز قبل امریکی کے قریبی اتحادی ملک اسرائیل نے قطر کے دارالحومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر حملہ کیا تھا۔
دوسری جانب امریکی سیکرٹری خارجہ سنیچر کو اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔
امریکی سیکرٹری خارجہ ایک ایسے وقت میں اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں جب فرانس کی قیادت میں ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر بات ہو گی۔