فوکل پرسن برائے واٹر اینڈ پاور نورالحق بلوچ کی سربراہی میں اجلاس، گوادر میں پانی بحران کے حل کیلئے اقدامات کا جائزہ، شادی کور، سنٹسر بورنگ سمیت جی پی اے ڈی سیلنیشن پلانٹ سے تقریباً 3 ملین گیلن اضافی پانی سسٹم میں شامل ہونے کا امکان
فوکل پرسن برائے واٹر اینڈ پاور کرائسز اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق بلوچ کی سربراہی میں گوادر میں پانی کے مسئلے پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایکسیئن پبلک ہیلتھ مومن علی، پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر میرجان بلوچ اور دیگر افسران و انجینئرز شریک تھے
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ چند دنوں میں شادی کور سے تقریباً 2 ملین گیلن پانی، سنٹسر بورنگ سسٹم سے 5 لاکھ گیلن اور جی پی اے واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ سے 6 لاکھ گیلن پانی سسٹم میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ اس اقدام سے شہر اور گردونواح میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ تاہم سوڈ ڈیم خشک ہونے کے باعث سپلائی بند رہنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔
اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ جی ڈی اے نئی پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کی سپلائی کے عمل کو تیز کرے گی اور ہاؤس کنکشنز جلد مکمل کیے جائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ پانی کی منیجمنٹ کے لیے جی ڈی اے اور پبلک ہیلتھ کا عملہ مشترکہ طور پر کام کرے گا، جبکہ پانی کی چوری اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں ایک اور کمیٹی بنانے اور سوڈ ڈیم تا گوادر ائیرپورٹ واٹر اسٹیشن تک پانی کے ان روٹ کنکشنز میں پانی کی سپلائی کم کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا۔
۔