کوئٹہ :ایڈ بلوچستان نے نیشنل اینڈومنٹ فار ڈیموکریسی (NED) کے مالی تعاون سے “رائٹ ٹو انفارمیشن” پر نئے منصوبے کا افتتاحی پروگرام کوئٹہ پریس کلب میں منعقد کیا۔ یہ منصوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کو سامنے رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو رائٹ ٹو انفارمیشن کے حوالے سے تربیت دینا، “یوتھ پبلک اکاؤنٹیبلٹی فورم” قائم کرنا اور انہیں ان کے آئینی حقوق سے روشناس کرانا ہے تاکہ مستقبل میں وہ اپنے ٹیکسز کے بہتر استعمال پر سوچیں اور ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کے قیام میں کردار ادا کریں۔
افتتاحی تقریب کی صدارت ڈاکٹر فرخندہ اورنگزیب، ممبر بلوچستان نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق نے کی۔ پروگرام میں بلوچستان کے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں سابقہ چیئرپرسن کمیشن برائے خواتین فوزیہ شاہین، جنرل سیکرٹری کوئٹہ پریس کلب ایوب ترین، ایڈوکیٹ عبدالحئ (ممبر نیشنل چائلڈ رائٹس کمیشن)، غلام نبی مری (سینئر سیاست دان و ایگزیکٹو ممبر بی این پی)، چیمبر آف کامرس کے نمائندے احد آغا، وومن ہیلپ لائن بلوچستان کے مینیجر اشفاق مینگل، سمیع بلوچ (ہیڈ ایس پی او بلوچستان)، ایجوکیشنلسٹ سیماب رفیق و نوید اصف، سی ای او سالار فاؤنڈیشن سلام خان، سی ای او آئیز آرگنائزیشن سمیع شارک، وسیم باری (لوکل گورنمنٹ ایکسپرٹ)، یوتھ ایکٹوِسٹ ندیم اکبر، مہتاب (ٹرانس جینڈر ایکسپرٹ)، میر مہر علی نیچاری، میر بہرام بلوچ، ظفر بلوچ، فضاء کنول، وحید خان، محمد شعیب، ندیم محمد حسنی، ثناءاللہ مینگل سمیت دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ میزبانی میر بہرام لہڑی، مینیجر ایڈووکیسی و پروٹیکشن ایڈ بلوچستان نے کی۔ انہوں نے ایڈ بلوچستان کی 2015 سے 2025 تک کی کامیابیوں اور بالخصوص رائٹ ٹو انفارمیشن پر کام کی تفصیلات پیش کیں اور 2025-2026 کے نئے منصوبے کے مقاصد بیان کیے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل جہانگیر نے خوش آمدیدی کلمات میں کہا کہ ایڈ بلوچستان کی کامیابی کا کریڈٹ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، سول سوسائٹی اور میڈیا کو جاتا ہے جن کے بغیر پروجیکٹس پر عملدرآمد ممکن نہیں تھا۔
پروگرام میں میر بہرام بلوچ (سینئر صحافی و ممبر پبلک اکاؤنٹیبلٹی فورم) نے فورم ممبران کا شکریہ ادا کیا اور رضاکارانہ کاوشوں کو اجاگر کیا۔ سوالات اور سفارشات کے سیشن میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی اور ایڈ بلوچستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نئے منصوبے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخندہ اورنگزیب نے ایڈ بلوچستان کے نوجوانوں پر مبنی منصوبے کو سراہا اور کہا کہ یہ نوجوانوں کے لیے ایک بہترین موقع اور پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہر سرگرمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مثبت سوچ کے ساتھ بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے کام کریں اور اپنے کردار کو مضبوط بنائیں۔
پروگرام کے اختتام پر مہمانوں نے کیک کاٹ کر نئے منصوبے کے آغاز کی خوشی منائی۔ آخر میں ایڈ بلوچستان کے آپریشنل مینجمنٹ رانا احسن نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔