کوئٹہ: عدالت عالیہ بلوچستان نے بوستان اسپیشل اکنامک زون کو 15 دسمبر 2025 تک مکمل طور پر فعال بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ یہ احکامات چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل بینچ نے ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ کی جانب سے دائر آئینی درخواست پر سماعت کے دوران جاری کیے۔
سماعت کے دوران بوستان اسپیشل اکنامک زون کے چیف فنانس آفیسر سعد اللہ نے عدالت کو بتایا کہ زون میں اس وقت 3 فیکٹریاں فعال ہیں جبکہ مزید 12 فیکٹریاں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان منصوبوں سے 15 ہزار 520 افراد کو روزگار ملنے کی توقع ہے۔
عدالت نے معاملے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بروقت اقدامات کی ہدایت کی ہے تاکہ بلوچستان میں صنعتی ترقی کا نیا دور جلد شروع ہو سکے۔