|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2025

تربت:کیچ کلچرل فیسٹیول کا شاندار اختتام،54 لاکھ روپے کی کتابیں فروخت، لاکھوں روپے کے فوڈ اور دیگر اشیا خریدی گئیں۔ ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تاریخی کیچ کلچرل فیسٹیول جمعہ کی رات شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔

تین روزہ فیسٹیول کے آخری دن 22 ہزار سے زائد مرد و خواتین، طلبہ و طالبات اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیسٹیول کے دوران 54 لاکھ روپے کی کتابیں فروخت ہوئیں جبکہ فوڈ اسٹالز سمیت دیگر اشیاء کی فروخت 26 لاکھ روپے تک جا پہنچی۔ اختتامی تقریب میں نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، پروفیسر عبدالرزاق صابر، پروفیسر گل حسن، سینیٹر جان محمد بلیدی، لالہ رشید دشتی، میر حمل بلوچ، اشرف حسین، اے ڈی سی کیچ تابش علی، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، ایس ایس پی ذوھیب محسن، پروفیسر ڈاکٹر غفور شاد، سمائیل خالق، خلیل تگرانی، واجہ بجار بلوچ سمیت بڑی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیچ کلچرل فیسٹیول ہر لحاظ سے تاریخی اور کامیاب فیسٹیول رہا۔ تین دنوں کے دوران کیچ کے عوام نے جو جوش و خروش اور محبتیں نچھاور کیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔

یہ کامیابی عوام کی شرکت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب علاقے میں فرسٹریشن اور گھٹن کا ماحول دیکھا تو خوشیاں لانے کے لیے ایک متحرک ٹیم تشکیل دی جس نے دن رات ایک کرکے یونیورسٹیوں، کالجوں، اسکولوں اور دفاتر کا دورہ کر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ذاتی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ فیسٹیول عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہوا۔، ڈپٹی کمشنر نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر تربت یونیورسٹی، تربت پریس کلب اور دیگر اداروں کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

سینیٹر جان محمد بلیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے اس فیسٹیول کے ذریعے نہ صرف انتظامی ذمہ داری نبھائی بلکہ صوبے کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا۔ ان کی یہ کامیاب کوشش دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے لیے بھی ایک مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بشیر احمد بڑیچ کی مخلصی اور خدمات بیان سے باہر ہیں۔ جب میں نے دانش اسکول کے لیے منظوری کرائی تو ایک ہی دن میں انہوں نے زمین الاٹ کرکے تعلیم کے فروغ کی راہ ہموار کی۔ کیچ کلچر سینٹر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا وڑن تھا، اسی طرح تعلیم کے عام ہونے کا سہرا بھی انہی کے سر جاتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر صبور احمد نے کہا کہ یہ تاریخی ایونٹ لوگوں کے لیے امید اور امنگ کا باعث بنا۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام کو شاندار انٹرٹینمنٹ اور ثقافتی ماحول فراہم کیا۔ گوادر سے آئے ہوئے مہمان اشرف حسین نے کہا کہ کیچ کے عوام نے اپنی ثقافت، تہذیب اور روایات کو زندہ رکھنے میں شاندار کردار ادا کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔

اگلے سال گوادر میں سید ظہور شاہ ہاشمی کی برسی کے موقع پر ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں کیچ کے عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ تربت پریس کلب کے صدر حافظ صلاح الدین سلفی نے کہا کہ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد نے تربت اور کیچ کے عوام کو ایک نئے جوش و جذبے سے ہمکنار کیا اور ثقافتی و ادبی روایت کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل کی حیثیت اختیار کی۔