کوئٹہ: عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے معمار ہیں، جن کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے تعلیم کے شعبے میں حقیقی اور پائیدار اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں سولہ ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھرتی کے عمل میں 99.9 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا اور اہل و باصلاحیت افراد کو موقع دیا گیا تاکہ تعلیمی معیار بلند ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اساتذہ کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ایک باوقار اور بااختیار استاد ہی مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اساتذہ کی محنت، لگن اور کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اسے اخلاقی و قومی فریضہ قرار دیا اور کہا کہ اساتذہ کا احترام صرف ایک دن نہیں بلکہ ہر دن لازم ہے۔
یہ پیغام اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ بلوچستان حکومت تعلیم کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی ہے اور اساتذہ کو اس مشن کا مرکزی ستون تصور کرتی ہے