کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا ہر عام آدمی ہمارے لیے اہم ہے اور انسانی جان بچانے کے لیے حکومت کے تمام وسائل حاضر ہیں۔ انہوں نے عوامی خدمت کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران عام مریضوں کے علاج پر 3 ارب روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے انکشاف کیا کہ کینسر، گردوں، تھیلیسیمیا، لیور اور کڈنی ٹرانسپلانٹ سمیت دل کے امراض میں مبتلا 1412 مریضوں کا علاج سرکاری اخراجات پر ممکن بنایا گیا۔ ان مریضوں کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی سفارش پر اندرون ملک اور بعض صورتوں میں بیرون ملک کرایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر شہری کو بہتر علاج کی سہولت میسر ہو۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا اور صحت کے شعبے میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
یہ اقدامات بلوچستان حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے سنجیدہ اور عملی اقدامات کا واضح ثبوت ہیں۔