|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2025

گوادر:گوادر یونیورسٹی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر محباللّٰہ، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللّٰہ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) ڈاکٹر رابعہ اسلم، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) ڈاکٹر محمد ارشاد، ڈپٹی رجسٹرار عبدالماجد، اور پبلک ریلیشنز آفیسر نصیر محمد نے شرکت کی۔

اجلاس میں یونیورسٹی آف گوادر میں زیرو سمسٹر کلاسز کے انعقاد اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف گوادر صوبے کی واحد جامعہ ہے جہاں گزشتہ تین سالوں سے باقاعدگی کے ساتھ زیرو سمسٹر کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت نئے داخلہ لینے والے طلبہ کو انگریزی، ریاضی، اور بنیادی سائنسی مضامین پڑھائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم کے لیے مضبوط علمی بنیاد قائم کر سکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی انڈرگریجویٹ اسکالرشپ برائے فاٹا و بلوچستان کے تحت منعقد ہونے والے اسکالرشپ اورینٹیشن سیشن کی تیاریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، تاکہ طلبہ کو اسکالرشپ پروگرام کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار، اور دستیاب تعلیمی مواقع سے آگاہ کیا جا سکے اور انہیں سیشن میں بھرپور شرکت کی ترغیب دی جا سکے۔

مزید برآں، اجلاس میں گورنر بلوچستان سیکریٹریٹ کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں، جس کے تحت تمام سرکاری جامعات کو طلبہ اور فیکلٹی کے لیے باقاعدگی سے تعلیمی و سماجی آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگرچہ یونیورسٹی آف گوادر پہلے ہی باقاعدگی سے سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسوں کا اہتمام کرتی آرہی ہے، تاہم آئندہ ان سرگرمیوں کو مزید منظم، بامقصد اور مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ طلبہ میں علمی، سماجی اور اخلاقی شعور کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے جامعہ کے تمام ڈینز اور ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں زیرو سمسٹر کلاسز، اسکالرشپ سیشنز اور تربیتی سیمینارز کی مؤثر منصوبہ بندی اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں، تاکہ یونیورسٹی آف گوادر تعلیمی معیار اور طلبہ کی استعدادِ کار کے لحاظ سے صوبے کی ایک مثالی درسگاہ کے طور پر اپنی شناخت مزید مستحکم کر سکے۔