|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2025

گوادر:گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے محکمہ کھیل بلوچستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ انٹر یونیورسٹی اسپورٹس فیسٹیول 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونیورسٹی کے فٹبال اور کرکٹ کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

 

اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کی غیر معمولی کارکردگی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان گوادر یونیورسٹی کے اصل سفیر ہیں جنہوں نے صوبے بھر میں ادارے کا وقار بلند کیا ہے۔یہ فیسٹیول محکمہ کھیل بلوچستان کے زیرِ اہتمام کوئٹہ میں منعقد ہوا، جہاں گوادر یونیورسٹی نے اپنی پہلی ہی شرکت میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صوبائی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔

 

یونیورسٹی کی فٹبال ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کر کے رنر اپ ٹرافی جیتی، جبکہ کرکٹ ٹیم نے بھی اپنی پہلی جیت میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہاہمارے کھلاڑیوں نے نظم و ضبط، اتحاد اور حوصلے کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ یہ کامیابیاں نہ صرف گوادر یونیورسٹی بلکہ پورے مکران ڈویژن کے نوجوانوں کے لیے فخر کا باعث ہیں۔

 

ہم اپنی یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے رہیں گے۔” وائس چانسلر نے ڈائریکٹر اسپورٹس مسٹر صغیر نسیم، کوچنگ اسٹاف اور ٹیم منیجمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی یہ کامیابیاں یونیورسٹی میں مثبت تعلیمی و غیر نصابی ماحول کے فروغ کی علامت ہیں۔