|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2025

بلوچستان میں اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے “پیپلز مینارٹی کارڈ” کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے رواں مالی سال مینارٹی انڈومنٹ فنڈ کے لئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
آئندہ مالی سال “مینارٹی انڈومنٹ فنڈ” کے تحت پروگرام کا بجٹ ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پیپلز مینارٹی کارڈ کے ذریعے اقلیتوں کو صحت، تعلیم، روزگار اور کاروبار میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی بہبود حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ پروگرام کے تحت اقلیتی برادری کے لئے معاونت کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مینارٹی انڈومنٹ فنڈ کے شفاف اور مؤثر استعمال کے لیے جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا جائے گا۔
اقلیتی رہنماؤں کی مشاورت سے پروگرام کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
پیپلز مینارٹی کارڈ بلوچستان میں سماجی مساوات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا عملی مظہر ثابت ہوگا۔
انہوں نیکہا کہ بلوچستان میں اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی سے صوبے کی مجموعی سماجی ہم آہنگی مزید مستحکم ہوگی۔”
پیپلز مینارٹی کارڈ” سے متعلق مشاورتی نشست میں پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور سنجے کمار، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
بلوچستان میں اقلیتی برادری کے حقوق ،ترقی، فلاح و بہبود کیلئے “پیپلز مینارٹی کارڈ” کا اجراء بہترین اقدام ہے جس سے اقلیتی برادری کو بنیادی سہولیات سمیت کاروبار کی سہولت میسر آئے گی۔
اقلیتی برادری کو درپیش مسائل سے نجات ملے گی، وہ اس کارڈ سے مستفید ہونگے۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے اس وقت مختلف منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جومفاد عامہ سے جڑے ہوئے ہیں ،یہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
بلوچستان حکومت کی ترجیح کارڈ کے اجراء کی شفافیت ہونی چاہئے ،مستحق افراد کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ حق دار کو ان کا حق سب سے پہلے ملے۔
امید ہے کہ بلوچستان حکومت صوبے کی ترقی، فلاح و بہبود کے منصوبوں پر زیادہ توجہ دے گی تاکہ غریب طبقہ ان سے فائدہ اٹھائیں۔