|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2025

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے زیراہتمام کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس پارٹی کے رجسٹریشن آفس میں منعقد ہوا، اجلاس سے نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اسلم بلوچ، مرکزی سیکریٹری اطلاعات و نشریات علی احمد لانگو مرکزی خواتین سیکریٹری یاسمین لہڑی، مرکزی سوشل میڈیا سیکریٹری سعد دہوار صوبائی جنرل سیکریٹری چنگیز حئی بلوچ،ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی، مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی عبدالصمد رند۔ جلیل ایڈوکیٹ، میڈم فریدہ بلوچ، ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکریٹری ریاض زہری نے خطاب کیا

 اسلم بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام سیاسی رہنماؤں، بیوروکریٹس، جج صاحبان کی رہائش گاہیں کوئٹہ میں ہیں لیکن کوئٹہ کو کسی نے اپنا شہر نہیں سمجھا جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت ہوتے ہوئے کوئٹہ پانی گیس بجلی ٹریفک جیسے بنیادی مسائل سے دوچار ہے،کہیں سڑکوں پر دیواریں کھڑی کی جارہی اور کہیں کنٹینر لگاکر اسکولوں کے بچوں، مریضوں اور عام عوام کو اذیت سے دوچار کیا جارہا یہ مسلط کردہ حکمران کسی کے سامنے جوابدہ نہیں کیونکہ ان کا عوام سے تعلق ہی نہیں، اسلم بلوچ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مینڈیٹ چور سیاسی جماعتوں کو بلدیاتی انتخابات سے شکست سے دوچار کرنے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، اجلاس میں صوبائی سیکریٹری برائے تعلیم سعدیہ بادینی سمیت خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حاجی عبدالصمد رند، علی احمد لانگو، جلیل ایڈوکیٹ نے حلقہ میں پارٹی پوزیشن پر بریفنگ دی۔