|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2025

کوئٹہ: وزیرراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات سردار مسعود خان لونی اور سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات عبد الفتاح بھنگر کی خصوصی ہدایات اور براہِ راست نگرانی میں تکاتو نیشنل پارک میں مارخور اور دیگر جنگلی جانوروں کے لیے ہنگامی پانی فراہمی کا عمل جاری ہے۔

صوبے میں جاری شدید خشک سالی نے قدرتی چشموں اور مستقل آبی ذخائر کو تقریباً خشک کر دیا ہے، جس کے باعث جنگلی حیات خصوصاً نایاب مارخور کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

اس تشویشناک صورتحال کے پیشِ نظر کنزرویٹر وائڈ لائف شریف الدین بلوچ کی نگرانی میں ڈپٹی کنزرویٹر جنگلی حیات کرم خان کاکڑ کی قیادت میں فیلڈ عملے نے ایک منظم اور غیر معمولی ہنگامی آپریشن کا آغاز کیا ہے

تاکہ مارخور سمیت دیگر جنگلی جانوروں کی بقا کو یقینی بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ پانی کو مختلف ذرائع جیسے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، خچروں اور بعض دشوار گزار مقامات پر عملے کے ہاتھوں کے ذریعے دور دراز پہاڑی علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔

بعد ازاں یہ پانی قدرتی گڑھوں، چٹانی حوضوں اور عارضی تالابوں میں ڈالا جاتا ہے جو جنگلی جانوروں کے لیے وقتی آبی مراکز کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ یہ ماحولیاتی تحفظ پر مبنی انسان دوست اقدام نہ صرف محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کے عزم و جذبے کی عکاسی کرتا ہے

بلکہ اس بات کا مظہر بھی ہے کہ صوبائی حکومت اپنے قدرتی وسائل اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ محدود وسائل اور سخت موسمی حالات کے باوجود عملہ اپنی ذمہ داریاں مثالی جذبے اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔