اوتھل :پاکستان کوسٹ گارڈز کی سمندر میں غیرقانونی ماہی گیری (ٹرالنگ) کے خلاف کاروائیاں، غیر قانونی ٹرالنگ کرتے ہوئے 12 فشنگ ٹرالرز کو بلوچستان کی سمندری حدود سے اپنی تحویل میں لے لیا،جب کہ 372 ممنوعہ فشنگ نیٹس کو بھی ضبط کیا گیاتفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز بلوچستان کے علاقوں اورماڑہ، پسنی اور جیوانی کے سمندر میں ٹرالنگ (غیرقانونی ماہی گیری) اور اسمگلنگ کے خلاف بر سرپیکار ہے۔
ٹرالنگ ایک ممنوع ماہی گیری کا طریقہ کار ہے جوکہ نہ صرف سمندری ماحولیات کو شد ید نقصان پہنچاتاہے بلکہ ماہی گیروں کے روزگار کو بھی متاثر کرتا ہے۔اس کے علاوہ ٹرالنگ والی کشتیاں اکثردیگر غیر قانو نی سر گرمیوں، ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہوتی ہیں۔پاکستان کوسٹ گارڈزنے گزشتہ ایک ماہ کے دوران غیر قانونی ٹرالنگ کرتے ہوئے 12 فشنگ ٹرالرز کو بلوچستان کی سمندری حدود سے اپنی تحویل میں لے لیااور لگاتارموجودگی اور پٹرولنگ سے ٹرالنگ میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ جس کا مقامی ماہی گیروں کی طرف سے خیر مقدم کیا گیا اور سمندری حیاتات کا فائدہ ہوا۔
علاوہ ازیں سمندری حیات اور مچھلی کی افزائش کو نقصان پہنچانے والے 372ممنوعہ فشنگ نیٹس کو بھی ضبط کیا گیا۔پاکستان کوسٹ گارڈز اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے پختہ عزم کے ساتھ باور کراتی ہے کہ وہ بلا تفریق کسی بھی قسم کے دباؤ میں آئے بغیر اپنے فرائض منصبی ساحلی پٹی اور سمندری علاقے میں بخوبی انجام دے گی اور ہر طرح کی اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کی کو شش کرتے ہوئے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی.