|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2025

کوئٹہ:صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران سیکریٹری پی ایچ ای ہاشم غلزئی کے دفتر آمد، جہاں پر انہیں گوادر میں پانی کے سنگین مسائل اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران چیف انجینئر نارتھ اعظم زرکون اور ڈپٹی سیکریٹری پی ایچ ای تنویر جاموٹ بھی موجود تھے۔ افسران نے صوبائی وزیر کو گوادر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی، لائنوں کی بحالی، ٹینکر سروس، ڈیسالینیشن پلانٹس کی کارکردگی اور زیر تکمیل اسکیموں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

 

سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ گوادر کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پانی کی سپلائی میں درپیش رکاوٹوں کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ گوادر بلوچستان کا معاشی دروازہ ہے، اس لیے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں گوادر کے لیے اضافی واٹر ٹینکرز، بجلی کی مسلسل فراہمی، اور اوچھی آبادی تک پانی پہنچانے کی نئی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام افسران باہمی رابطہ مضبوط کریں اور عوامی ریلیف کے لیے مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ کام کریں۔