|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2025

پاکستان اور ایران کے مابین سرمایہ کاری اور تجارتی روابط میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔پاکستان میں تیز رفتار ترقی، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کا کردار کلیدی ہے۔ اس پیش رفت کے تناظر میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ کے درمیان ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی۔ ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا خطیر ہدف مقرر کرنے، مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام اور تجارتی حجم میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔

فریقین نے نجی شعبے کے کردار کو فروغ دینے اور اقتصادی و صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔ قزوین چیمبر آف کامرس کے سربراہ اور اراکین کی کراچی میں منعقدہ تجارتی و صنعتی نمائش میں خصوصی شرکت کا بھی ذکر کیا گیا، جہاں زراعت، کیمیائی صنعت، ایل این جی اور توانائی کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ پاک ایران تجارتی تعلقات کے استحکام سے علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ممکن ہو سکے گا جبکہ دو طرفہ تجارتی تعاون معاشی استحکام، روزگار میں اضافے اور خوشحالی کی امید بنے گا۔ پاک ایران تجارتی سرگرمیوں سے خطے میں معاشی ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔

ایران قدرتی گیس کے ذخائر رکھنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جبکہ تیل کے محفوظ ذخائر میں اس کا چوتھا نمبر ہے اگر گیس اور تیل معاہدوں پر پیشرفت ہوگی تو پاکستان میں توانائی کا بحران نہ صرف حل ہوگا بلکہ معیشت میں بڑی انقلابی تبدیلی آئے گی، صنعتی زونز، بجلی گھر تعمیر ہونگے جس سے دونوں ممالک کے تاجر اور عوام کو بھی فائدہ ہوگا جبکہ ملکی معیشت مزید ترقی کرے گی۔ ایران میں متعدد دھاتوں کے ذخائر بھی موجود ہیں اس لیے دونوں ملکوں کے مابین نہ صرف تجارت بلکہ صنعت، زراعت، سیاحت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے ایک مضبوط بنیاد موجود ہے امید ہے کہ پاک ایران سربراہان اہم شعبوں کو ترجیح دیتے ہوئے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائینگے۔