بولان میڈیکل کالج طلبہ کے حق میں ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام کے طور پر پرنسپل کی جانب سے میس کے ٹھیکیدار کو برطرف کیا جانا انتظامیہ کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔ مذکورہ میس کا عملہ مسلسل نشے کی حالت میں طلبہ کو ہراساں کرتا رہا، گالی گلوچ، دھمکیوں اور زدوکوب جیسی سنگین حرکات کے ذریعے تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتا رہا، جس پر طلبہ میں شدید بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو چکا تھا۔
واضح کیا جاتا ہے کہ اگر بروقت یہ کارروائی عمل میں نہ لائی جاتی اور مذکورہ میس انتظامیہ کو فوری طور پر نہ نکالا جاتا تو تمام طلبہ اس بات پر متفق تھے کہ وہ اس کے خلاف سخت لائحۂ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ مستقبل میں بھی اگر کسی بھی صورت میں اسی میس یا اس کے عملے کو برقرار رکھنے یا واپس لانے کی کوشش کی گئی تو طلبہ اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے منظم، بھرپور اور شدید احتجاج سمیت ہر قانونی اور جمہوری آپشن استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ادارہ جاتی وقار، طلبہ کی عزت و سلامتی اور تعلیمی ماحول کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا، اور اس ضمن میں کسی بھی غفلت کی مکمل ذمہ داری متعلقہ فریق پر عائد ہوگی۔